پارٹی فیصلے نواز شریف ہی کرینگے،مریم اورنگزیب
اسلام آباد...وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارٹی کے فیصلے پہلے بھی نوازشریف کرتے تھے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے ۔نوازشریف جس پر ہاتھ رکھیں گے وہی وزیراعظم بنے گا۔الیکشن ایکٹ 2017 سے متعلق عدالتی فیصلہ تعصب پر مبنی ہے ، ایک ہی شخص کو نشانہ بنایا گیا ۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں انہوںنے کہا کہ ہمیں اسی فیصلے کی امید تھی۔ ایسے فیصلوں سے نواز شریف کے بیانیے کو مزید تقویت ملتی ہے۔ آج کا فیصلہ پانا مہ کیس فیصلے کی ہی کڑی ہے ۔پانامہ میں صرف ایک شخص اور ایک خاندان کو نشانہ بنایا گیا اور اب بھی بنایا جارہا ہے۔عدالتی فیصلہ تعصب پر مبنی ہے۔ اس سے مسلم لیگ (ن) اور نوازشریف پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔ پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ ملک کی سب سے بڑی اور مضبوط پارٹی ہے۔عدالتی فیصلوں سے پارٹی میں کوئی دراڑیں نہیں پڑیں۔ کوئی لیگی رہنما پارٹی چھوڑ کر نہیں گیا جو لوگ پہلے نوازشریف کی صف میں کھڑے تھے وہ آج بھی موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی ترجیح تھی کہ سینیٹ الیکشن بروقت ہوں ۔ عدالتی فیصلے کے بعد تاخیر ہوئی تو یہ جمہوریت کے لئے نقصان دہ ہوگا۔ دریں اثناءمسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان کے سب سے تجربہ کار اور بڑے لیڈر ہیں۔ ان کی لیڈرشپ کو کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہاکہ عہدے آنی جانی چیزیں ہیں، ہماری قیادت بیٹھ کر پارٹی صدارت پر فیصلہ کرے گی۔ شہباز شریف کو پارٹی صدر بنانے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔