موجودہ بین الاقوامی نظام غیر موثر ہے، تبدیلی ناگزیر ہے ،ترکی الفیصل
جمعرات 22 فروری 2018 3:00
ریاض - - - - - - کنگ فیصل ریسرچ اینڈ اسلامک اسٹڈیز سنٹر کے سربراہ شہزادہ ترکی الفیصل نے واضح کیا ہے کہ موجودہ بین الاقوامی نظام غیر موثر ہو چکا ہے۔ یہ اب درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت سے عاری ہو چکا ہے۔ سیاسی ، جغرافیائی ہنگامے عالمی امن عامہ کو خطرات پیدا کر رہے ہیں۔ عالمی برادری کو مستقبل میں بین الاقوامی نظام کے ڈھانچے کو ازسر نو تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ نیا نظام موجودہ حالات سے زیادہ ہم آہنگ او رزیادہ منصفانہ ہونا ضروری ہے۔ نئی سوچ سے کام لینا ہو گا۔ سلامتی کونسل کے 5دائمی رکن ممالک والے نظام کو بھی تبدیل کرنا ہو گا۔ پائیدار عالمی نظام وہی ہو گا جو عالمی امن وسلامتی کا پاسبان ہو اور بنی نوع انسان کو درپیش خطرات و چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے منصفانہ ہو۔ انہو ںنے مذکورہ خیالات کا اظہار اس رپورٹ میں کیا ہے جسے جرمنی نے تیار کرایا تھا اور جس کے لئے جرمنی سمیت دنیا کے متعدد سیاستدانوں او راسکالرز نے مضامین تحریر کئے تھے۔ ترکی الفیصل نے توقع ظاہر کی کہ جرمنی نئے عالمی نظام کی تشکیل اور موجودہ بین الاقوامی نظام کی تبدیلی میں خاص کردار ادا کر سکتا ہے۔ ترکی الفیصل نے یہ بھی کہا کہ عالمی بحران اور بین الاقوامی برادری کو درپیش حقیقی چیلنج تبدیلی کا تقاضا کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جرمنی نے انتہائی خوفناک کشمکشوں سے جس طرح کا سبق لیا ہے دنیا کے کسی بھی ملک نے نہیں لیا۔ نئی دنیا کو ایسی بین الاقوامی قیادت کی ضرورت ہے جو اسے ممکنہ خطرات سے بچانے کی سوچ رکھتی ہو۔