عمران اور نواز اقتدار کیلئے مرے جا رہے ہیں،بلاول
سکھر...پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے خلاف بین الاقوامی سازشیں ہو رہی ہےں لیکن ملک کے دوبڑے لیڈر عمران خان اور نواز شریف اقتدار کیلئے مرے جارہے ہیں ۔ سندھ میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ہفتہ کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف بین الاقوامی سازشیں ہو رہی ہیں لیکن اقتدار کے بھوکے2بڑے لیڈروں کو اس کی پروا نہیں ۔ اس سے بڑا مذاق کیا ہوگا کہ وزیراعظم خود کو وزیراعظم ماننے کیلئے تیار نہیں ۔ حکومت میں موجود ہونے کے باوجود سیاسی انتقام کا رونا رو رہے ہیں۔ بلاول نے کہا کہ چیف جسٹس کے جناح اسپتال کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔جناح اسپتال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی طرف سے ایک لاکھ روپے کا انعام دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں ۔چیف جسٹس کو دوسرے اداروں کے دورے کی بھی دعوت دیتے ہیں جہاں عوام کو جدید ترین مفت علاج کی سہولتیں دی جارہی ہےں۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن کا مقدمہ پنجاب منتقل کرنے کیلئے قانون ڈھونڈے جارہے ہیں ۔اس حوالے سے چیف جسٹس کے ریمارکس پر بہت افسوس ہوا ہے۔انصاف دہرا معیار کی بجائے سب کے لئے قانون اور انصاف ایک جیسا ہو نا چاہئے اس سے بڑا مذاق کیا ہوگا کہ وزیراعظم خود کو وزیراعظم ماننے کیلئے تیار نہیں بلاول نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کو اسپتال سے جیل جبکہ شرجیل میمن کو ایئرپورٹ پر گھسیٹاگیا۔ جنرل (ر) پرویز مشرف کو اسپتال سے بیرون ملک فرار کرا دیا گیا۔سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی امپائر کی انگلی کا منتظر ہے تو کوئی انگلی ہی خریدنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ وی آئی پی احتساب قابل قبول نہیں ہے۔بلاول نے کہا کہ سندھ میں ہر چیز سو فیصد ٹھیک نہیں لیکن اصلاح کی کوشش کر رہے ہیں۔