رینٹ اے کار ایجنسیوں کی سعودائزیشن کا آغاز 19 دن بعد
ریاض.... وزارت محنت و سماجی بہبود نے اعلان کیا ہے کہ رینٹ اے کار ایجنسیوں کی سعودائزیشن کا آغاز 19 دن بعد کردیاجائے گا۔ یکم رجب 1439 ھ سے مملکت بھر میں تمام رینٹ اے کار ایجنسیوں کے سارے ملازم سعودی ہونگے۔ وزارت محنت کے ترجمان خالد اباالخیل نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ سعودائزیشن کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے مشترکہ تفتیشی ٹیمیں جگہ جگہ چھاپہ ماریں گی۔ کسی بھی ایجنسی میں کوئی غیر ملکی کام کرتے نظر آئے گا ، جرمانہ ہوگا۔ جتنے کارکن ہونگے اتنے ہی جرمانے بھی ہونگے۔ دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانہ بڑھا دیا جائے گا۔ پروگرام کے مطابق رینٹ اے کار ایجنسیوں میں ملازمت کے تقاضے پورے کرنے کیلئے سعودی نوجوانوں کو تربیتی پرو گرام کرائے جارہے ہیں۔