پاکستان کیساتھ تعلقات کا نیا دور چاہتے ہیں،امریکہ
اسلام آباد...امریکی صدر کی نائب معاون اور یو ایس نیشنل سیکیورٹی کونسل کی سینئرڈائریکٹر برائے جنوبی و وسطی ایشیا لیزا کرٹس نے کہا ہے کہ امر یکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور میں داخل ہونا چاہتا ہے۔ امریکی سفارتخانہ کے مطابق اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، وزیر داخلہ احسن اقبال اور چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبرسے ملاقاتوں کے دوران انہوں نے کہا کہ امر یکہ پاکستان کے ساتھ نئے تعلقات کی جانب گامزن ہونا چاہتا ہے، جس کی بنیاد اس مشترکہ عزم پر مبنی ہو کہ ہم مل کر ان سب دہشت گرد گروہوں کو شکست دیں گے جو علاقائی استحکام وسلامتی کے ساتھ افغانستان کے پرامن مستقبل کے مشترکہ خواب کے لئے بھی خطرہ ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کی نمایاں قربانیوں کا اعتراف کیا اور اِس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا کے بارے میں امریکی حکمت عملی مستحکم اور پر امن افغانستان کے قیام کے امکان کی عکاسی کرتی ہے جو افغان پناہ گزینوں کی باعزت وطن واپسی ، جنوبی ایشیا میں داعش کو شکست دینے ،پاکستان اور امر یکہ کے لئے مشترکہ خطرہ بنے ہوئے دہشت گردوں کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا۔