واشنگٹن ۔۔۔ امریکی فوجی اڈے پر موصول ہونے والا مشکوک خط کھولنے پر9 اہلکاروں سمیت 11 افراد شدید بیمار پڑ گئے۔واقعہ ریاست ورجینیا میں قائم جوائنٹ بیس فورٹ مائر کے ہینڈرسن ہال میں پیش آیا جس کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا اور تمام متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔خط پر میرین ہیڈکوارٹر بٹالین کا پتہ تحریر تھا اور یہ کسی مخصوص شخص کے نام نہیں بھیجا گیا تھا۔خط کھولنے والے اہلکار اور آس پاس موجود تمام افراد کو فوراً سر درد ،چہرے اور ہاتھوں پر خارش اور ناک سے خون بہنا شروع ہو گیا۔امریکی بحریہ کے ترجمان میجر برائن بلاک کے مطابق بعد میں مزید3 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ان کی حالت بہتر ہے۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے بعد عمارت کو خالی کروایا گیا اور اس کی مکمل صفائی اور اسکریننگ کی گئی۔خط کو عمارت سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے اور نیول کریمینل انویسٹی گیٹو سروس اور ایف بی آئی کے اہلکاروں نے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔امریکی بحریہ اور فوج کا مشترکہ اڈا فورٹ مائر آرلنگٹن نیشنل سیمٹری کے قریب واقع ہے ۔ امریکی فوج کی تھرڈ انفنٹری رجمنٹ جو اولڈ گارڈ کے نام سے معروف ہے یہیں تعینات ہے جس کی ذمہ داریوں میں صدارتی آنر گارڈ بھی شامل ہے۔