نیب سب سے کرپٹ ادارہ ہے ،نہال ہاشمی
راولپنڈی... مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ۔ سپریم کورٹ نے سینیٹر نہال ہاشمی کو توہین عدالت کے جرم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔5سال کیلئے کسی بھی عوامی عہدے کےلئے نااہل قرار دیا تھا۔ رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ سازشیوں! تمہارے ہاتھ میں کچھ نہیں۔میں نے کب کسی کو برا کہا اور کب کسی کا نام لیا تھا۔ میں نے کب بابا رحمتے کا نام لیااور کس کو برا بھلا کہا تھا۔ تمہارے ہاتھ میں گولی مارنا ہو سکتا ہے۔ جیل بھیجنا ہو سکتا ہے لیکن میرے رب نے مجھے عزت دار بنا دیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مجھے صرف انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ ایک ماہ گزر گیا لیکن مجھے اپیل کا حق تک نہیں دیا گیا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شرمندہ وہ ہو گا جو دو نمبر اور چور ہو گا، شرمندہ وہ ہو گا جو اپنے اختیارات سے تجاوز کرتا ہے۔ ایک ماہ گزر گیا میری اپیل کی سماعت نہیں ہوئی۔ مجھے انتقام کا نشانہ بنایا گیا یا انصاف کا بول بالا ہوا۔ آپ کس کا احتساب کر رہے ہو، کون ہو آپ؟نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کا سب سے کرپٹ ادارہ نیب ہے۔نیب والوں کے گھر پرچھاپہ مارو۔ پاکستان کی آدھی دولت مل جائے گی۔ پاکستان ایسے لوگوں کےلئے نہیں بنایا گیا تھا جو پاکستان میں عیش کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ نوازشریف کیلئے کام کرنے سے صرف اللہ روک سکتا ہے کوئی بندہ نہیں۔