کیا آپ ہر وقت خود کو تھکا ہوا محسوس کرتے ہیں ؟
بہت سے لوگ اکثر تھکن اور کمزوری کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں اس تھکن کے اثرات توانائی کی کمی ، ذہنی الجھاؤ اور کام سے بیزاری کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں . اسکی وجوہات طبی اور غیر طبی دونوں ہو سکتی ہیں جس میں متاثرہ شخص کی ڈائٹ اور لائف سٹائل شامل ہیں . اینزائٹی ، ڈپریشن ، خون کی کمی ، ذیابیطس ، نیند کا پورا نہ ہونا ، متوازن خوراک کا نہ ملنا ، موٹاپا اور ہیوی ورزش تھکن کا باعث بنتے ہیں . کیفین ، الکوحل اور جنک فوڈز کا بے تحاشہ استعمال بھی انرجی لیول کو متاثر کرتا ہے . تھکن کا احساس کام کرنے کی صلاحیت ، فیملی لائف اور سماجی رابطوں پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے . تھکن صحت کا بڑا مسئلہ نہیں ہے لہذا طرز زندگی میں تبدیلی اور کچھ صحت مند فیصلے لے کر اس مسئلے سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے .
باقاعدگی سے ناشتہ کرنا ایک صحت مند عادت ہے. جب آپ ناشتہ نہیں کرتے تو آپ دوپہر ہونے سے پہلے ہی تھکن محسوس کرنا شروع کر دیتے ہیں . بہت دیر تک کچھ کھائے پیئے بغیر رہنے سے شوگر لیول کم ہونا شروع ہوجاتا ہے جو جسم کی مجموعی توانائی میں کمی کا باعث بنتا ہے . پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال بھی آپ کو انرجیٹک رکھنے کے لیے ضروری ہے . یہ تھکن سے لڑنے میں معاون ثابت ہوتا ہے . اس کے علاوہ پورا دن توانائی سے بھرپور رہنے کے لیے متوازن اور متناسب خوراک کا استعمال بھی بے حد ضروری ہے . خوراک کا انرجی لیول پر براہ راست اثر پڑتا ہے . بھر پور نیند ، باقاعدگی سے ورزش ، کیفین کا کم سے کم استعمال ، ذہنی دباؤ سے بچنا ، ڈپریشن سے دور رہنا اور اضافی وزن میں کمی تھکاوٹ کو دور کرنے اور انرجی لیول کو بڑھانے کے لئے بے حد اہم ہیں .