سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ جاری
اسلام آباد ...سینیٹ انتخابات کے لئے پولنگ شروع ہو گئی۔ ووٹ ڈالنے کا عمل صبح 9 بجے شروع ہو۔ ا سپیکر سردارایاز صادق نے پہلا ووٹ ڈالا اس کے بعد وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور پارلیمانی امور کے وزیر شیخ آفتاب نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان چا روں صوبوں، فاٹا اوروفاقی دارالحکومت کی 52 نشستوں پر سنیٹرز کا انتخاب کر رہے ہیں۔پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سینیٹرز کے انتخاب کے لئے پولنگ صوبائی اسمبلیوں میں جبکہ اسلام آباد اور فاٹا کی نشستوں کے لئے قومی اسمبلی میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ سندھ اور پنجاب سے 12،12 جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے 11،11 ، فاٹا سے 4 اور اسلام آباد سے 2 سینیٹرز کا انتخاب کیا جائے گا۔ مجموعی طور پر 135 امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹ کی رازداری کو یقینی بنانے اور کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الیکشن کمیشن نے تمام ریٹرننگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تفویض کر دئیے ۔ غیر حتمی رزلٹ ریٹرننگ افسران پولنگ ختم ہونے کے بعد جاری کریں گے۔