تحریک انصاف کے کتنے ارکان نے ووٹ بیچے؟
پشاور... سینیٹ الیکشن میں سیاسی جماعتوں نے ایکدوسرے پر ہارس ٹریڈنگ کے الزامات لگائے ہیں۔ چاروں صوبوں میں ارکان کی بولیاں لگائی گئیں۔ خیبر پختونخوا میں پیپلزپارٹی کے محض7 ارکان ہیں جبکہ وہ 2سینیٹرز کو کامیاب کرانے میں کامیاب رہی۔ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار مولانا سمیع الحق کو محض3 ووٹ ملے۔ سندھ میں بھی پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم پاکستان کے حصے کی سیٹیں لے اڑی ۔ پنجاب میں تحریک انصاف کے31 ارکان ہیں تاہم چوہدری سرور سینیٹر بننے میں کامیاب رہے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سینیٹ انتخابات کے دوران ہارس ٹریڈنگ پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے رابطہ کیا۔ پرویز خٹک نے ہارس ٹریڈنگ سے متعلق پارٹی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے 17 سے 20 ارکان پارلیمنٹ نے ووٹ فروخت کئے۔ ان میں اکثریت خواتین ارکان کی ہے۔ وفاداری تبدیل کرنے میں ناراض ارکان کے ساتھ کئی اہم ایم پی ایز شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق کے پی کے میں ووٹ کی قیمت سینیٹ ووٹنگ سے ایک دن پہلے بڑھ گئی اور8کروڑ تک جا پہنچی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے الزام لگایا کہ سندھ میں ارکان اسمبلی کی وفاداروں کو خریدا گیا۔