عوام کے دل سے نکالو پھر مانوں گا،نواز شریف
گجرات .. سابق وزیر اعظم اورمسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ جتنے بھی فیصلے آرہے ہیں۔ انتقام اور غصے میں آرہے ہیں۔ 5بندوں کو کروڑوں لوگوں کے ووٹوں کی قدر نہیں۔پارلیمنٹ اور اسمبلیوں نے فیصلہ مسترد کرکے ن لیگ کو کامیاب کرایا ۔کاغذوں میں مجھے نکال دیا گیا ۔عوام کے دل سے نکال کر دکھاو پھر مانوں گا۔گجرات کے علاقے کوٹلہ میں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی امیدواروں کے کاغذات پر میرے دستخط تھے کہا گیا کہ (ن) لیگ کے امید وار سینیٹ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔ پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں، ایٹمی پروگرام، بجلی پراجیکٹس اور موٹر وے پر بھی نواز شریف کے دستخط ہیں کا ان منصوبوں کو بھی ختم کردیا جائے گا۔ نواز شریف کے دستخطوں نے بہت سے جج اعلی عدلیہ میں بیٹھے ہیں کیا انہیں بھی ختم کرو گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئندہ حکومت بھی مسلم لیگ (ن) کی آئے گی ۔غریب عوام کو گھر فراہم کرے گی اور ان کی دہلیزتک انصاف پہنچائے گی۔انہوں نے کہا کہ میرابیانیہ ملک کے دیگر حصوں میں پہنچ رہا ہے۔ عوام ووٹ کی عزت بچانے کیلئے جنگ لڑیں گے۔ 2018 کے الیکشن میں صرف ووٹ نہیں ڈالنا بلکہ انقلاب لانا ہے۔ یہ الیکشن ریفرنڈم ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ 70 سالوں سے لگی بیماری کو ختم کرنے کا وقت آگیا ۔اس نظام کو ختم کرنا ہے جس نے ملک کو تباہ اور ووٹ کو ذلیل کردیا ۔