ایم کیو ایم ختم ہوگئی،بلاول
کراچی ... پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا الزام پیپلز پارٹی پر عائد کرنا غلط ہے۔ چیئرمین سینیٹ کے لئے ن لیگ کے سوا تمام اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت ہوگی۔ سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت ن لیگ نہیں پیپلزپارٹی ہے۔ایم کیو ایم ختم ہوگئی ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پیپلز پارٹی نے توقع سے زیادہ کامیابی حاصل کی ۔ن لیگ کے دور میں جب بھی کوئی الیکشن ہوا تو ہارس ٹریڈنگ کے الزامات عائد کئے گئے ۔ الیکشن کمشنر نے سندھ کے سینیٹ الیکشن کو شفاف اور بہترین قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے خیبر پختونخوا سے بھی 2 نشستیں حاصل کی ہیں ۔ پیپلز پارٹی کو سینیٹ الیکشن میں ووٹ کارکردگی کی بنیاد پر ملا ہے۔انہوں نے کہاکہ سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت ن لیگ نہیں پیپلزپارٹی ہے۔ پنجاب سے 11 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ ن لیگ خود کو سب سے بڑی جماعت سمجھتی ہے تو اپنا چیئرمین سینیٹ لا کر دکھائے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو عمران خان سے کوئی خطرہ نہیں ۔کراچی کے لوگ پی ٹی آئی کو پسند نہیں کرتے ۔عمران خان اور نواز شریف نے 5 سال محاذ آرائی کے سوا کچھ نہیں کیا۔ کپتان سے کہتا ہوں کہ وہ اے ٹی ایم مشینوں کو ٹکٹ دینے کے بجائے پیپلز پارٹی کی طرح اپنے نظریاتی کارکنان کو آگے لائے۔پیپلز پارٹی نے نظریاتی کارکنان کو سینیٹ ٹکٹ دیا۔بلاول نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ اپوزیشن جماعتوں سے ہونا چاہیے۔ن لیگ کو حق ہے کہ وہ اپنا چیئرمین لانے کے لئے کوشش کرے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے سینیٹ الیکشن میں وزیر اعلی سندھ نے اہم رول ادا کیا ۔ ایم کیو ایم کے ارکان نے اپنی لیڈر شپ کو قبول نہیں کیا اور ایم کیو ایم ختم ہوگئی ۔ وہ اندرونی انتشار چھپانے کے لئے ہارس ٹریڈ نگ کے الزامات کا واہ ویلا کر رہی ہے ۔ایم کیو ایم کو چاہیے کہ وہ دوسروں پر الزمات عائد کرنے کے بجائے اپنے مسائل پر توجہ دے۔