دبئی ہوائی اڈے سے سفر کرنیوالوں میں ہندوستانی پہلے اور سعودی دوسرے نمبر پر
ریاض - - - - دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے گزشتہ ماہ 8 لاکھ 23 ہزار سعودی مسافروں نے سفر کیا ۔ پہلے نمبر پر ہندوستانی مسافر رہے ۔ سبق نیوز نے متحدہ عرب امارات میں سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں امسال جنوری میں دبئی ہوائی اڈے سے سفر کرنے والوںکی تعداد میں ایک فیصد کمی آئی ہے ۔ گزشتہ برس 2017 میں جنوری کے مہینے میں 8ملین مسافروں نے دبئی ہوائی اڈہ استعمال کیا تھا جبکہ امسال ماہ جنوری میں یہ تعداد 7.9ملین تھی ۔ گزشتہ ماہ دبئی ہوائی اڈہ استعمال کرنے والوں میں ہندوستانی مسافر سرفہرست رہے جن کی تعداد 1.1 ملین تھی ۔ دوسرا نمبر سعودی عرب کے شہریوں کا ہے جن کی تعداد 8لاکھ 23 ہزار رہی ۔ سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس 2017 میں دبئی ہوائی اڈہ استعمال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 88.2 ملین تھی جبکہ 2016 ء میں مسافروں کی تعداد 83.6 ملین ریکارڈ کی گئی تھی ۔ دبئی انٹر نیشنل ائیر پورٹ کا شمار دنیا کے 5 مصروف ترین ہوائی اڈوں میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں مسافروں کی آمد ورفت سب سے زیادہ ہو تی ہے ۔ واضح رہے دبئی ہوائی اڈے پر مسافروں کیلئے بے پناہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ روزانہ سیکڑوں پروازیں وہاں سے ٹرانزٹ بھی جاتی ہیں ۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں دبئی ائیر پورٹ پر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا وہاں متعین عملہ بھی تربیت یافتہ اور بہترین ہے ۔