عوام اب علم بغاوت بلند کر رہے ہیں،نواز شریف
اسلام آباد ..سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام جان گئے کہ ہمارا بیانیہ اور اصولی موقف درست ہے۔عوام اب علم بغاوت بلند کررہے ہیں اور کرنا بھی چاہئیے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں جہاں پیسہ چلا اور ووٹ خریدے، اس کا حساب کتاب ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا تو انتخابی نشان بھی چھین لیا گیا۔ سرگودھا میں ڈالے کے نشان پر ضمنی انتخاب جیتا۔ نئے نشان پر الیکشن لڑ کر بھی ہمارا امیدوار کامیاب ہوا۔ ضمنی الیکشن کا رزلٹ آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور ہمارا بیانیہ صحیح ہے۔ووٹ کو عزت دو عوام کا نعرہ بن چکاہے۔انہوںنے کہا کہ انتخابی نشان چھیننے سے کیا ہمارا نشان مٹادیں گے؟۔ ظلم کے آگے کھڑا ہونا ضروری ہے تم جتنا ظلم کرو گے۔عوام اتنا ہی ن لیگ کا ساتھ دیں گے۔یہ ادھر سے نااہل قرار دیتے ہیں، عوام مجھے ووٹ دیتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میری نااہلی کو عوام نے تسلیم نہیں کیا۔ عوام اب سکھا شاہی برداشت نہیں کرینگے۔ اب وہ بغاوت کر رہے ہیں ،اس کے خلاف علم بغاوت بلند کرنا بھی چاہئیے ۔پاکستان کی عوام بھیڑ بکریاں نہیں، وہ اپنے ووٹ سے جسے وزیراعظم منتخب کریں اور چند لوگ اسے اٹھا کر باہر کردیں۔ بغیر کسی وجہ کے وزیراعظم کو باہر نکال کر پھینک دیاگیا۔ وزیر اعظم نے کسی کا خون نہیں کیا۔ڈا کہ نہیں ڈالا کہ اسے اٹھا کر باہر پھینک دیا جائے۔وہ وقت گزر گیا جب ایسا ہوتا تھا اب ایسا نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ عوام پوری طرح سے محسوس کررہے ہیں کہ ہمارا موقف پوری طرح سے ٹھیک ہیں اب خود عوام کہتے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو۔