Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرآن مجید منبع ہدایت ہے،اسکی تلاوت کامیابی کی ضامن ہے ، احمد الدین اویسی

حیدرآباد دکن کی شاہی مسجد باغ عامہ کے کمسن حفاظ کے اعزاز میں مدینہ منورہ میں تقریب،مولانا عبدالرحمن الحمومی مہمان خصوصی

 

 امین انصاری۔ جدہ
 قرآن مجید منبع ہدایت ہے ۔ کثرت سے اسکی تلاوت کامیابی و کامرانی کی ضامن ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں حیاتِ زندگی کے تمام نکات ،دین و دنیا کی تمام بھلائیوں کا اس میں ذکر فرمایا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صدر بزم اتحاد گلوبل احمد الدین اویسی نے حیدرآباد دکن کی شاہی مسجد باغ عامہ کے کمسن حفاظ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جس نے قرآن سے اپنا اٹوٹ رشتہ جوڑ لیا کامیابیاں اس کا مقدر ہوجاتی ہیں اور جس نے قرآن سے منہ موڑلیا وہ گمراہیوں کے دلدل میں پھنستا جاتا ہے اوریوں اس کی دین و دنیا برباد ہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم قرآن مجید کی تلاوت میں کوتاہی کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا میں مسلمان ذلت و رسوائی کا سامنا کررہے ہیں ۔ 
    سابق امام شاہی مسجد باغ عامہ استاذ الحفاظ مولانا حافظ شاہ محمد بن عبدالرحمن الحمومی نے کہا کہ قرآن مجید انتہائی عظمت والی کتاب ہے۔ خوش نصیب وہ حفاظ ہیں جن کے قلب میں قرآن حفظ ہورہا ہے کیونکہ قرآن کریم اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سینے سے ہوتے ہیں اِن کے قلب تک پہنچ رہا ہے ۔انہوں نے حفاظ کو مبارکباد دی کہ کمسنی میں قرآن کی برکت نے انہیں عمرہ اور مدینہ منورہ کی زیارت کروادی ۔یہ صرف اور صرف قرآن کا فیضان ہے ۔
    اس موقع پر کمسن حفاظ نے خوش لحن آواز میں تلاوت کلام پاک کی اور بعد ازاں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں نعت کے نذرانے پیش کرکے خوب داد حاصل کی ۔ تقریب میں شرکت کرنے والوں میں نجیب الحمومی، ندیر احمد ، دستگیرخان ،سید شاہ علی قادری ابرار، سید عرفان ، سید حیدر قادری ، نواز خان اور دیگر احباب کی کثیرتعداد موجود تھی جنہوں نے کمسن حفا ظ کو دلی مبارکباد پیش کیں اور اپنی نیک تمناؤں سے نوازا۔
مزید پڑھیں:- - - -اسلامک دعوہ سینٹر نیو دہلی میں 2 روزہ سالانہ اجتماع

شیئر: