بلوچستان کی پور ی اسمبلی بک گئی،شیخ رشید
اسلام آباد... عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹر کے لئے ایک ووٹ 4سے 5 کروڑروپے میں فروخت ہوا۔بلوچستان کی تو ساری اسمبلی ہی بک گئی۔ وہ لوگ یہ کام کرتے ہیں جن کے پاس منی لانڈرنگ کا پیسہ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہری شہریت پر سپریم کورٹ نے اچھا نوٹس لیا۔4سینیٹرز دہری شہریت والے نکلے۔ ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ4 مزید سینیٹرز دہری شہریت رکھتے ہیں۔ ان کے خلاف بھی عدالت میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہری شہریت والے سینیٹ میں نہیں ہونے چاہئیں۔کل کوکوئی ہندوستانی نکل آیا توکیا بنے گا؟ امیدواروں کے غیرملکی اثاثوں، کریمنل ریکارڈ کا بھی علم ہونا چاہیے۔جو امیدوار سزا یافتہ ہیں وہ بھی اپنا ریکارڈ بتائیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف سے کھیلتے ہیں۔ انہیں اس طرح کے کھیل میں تجربہ بھی بہت ہے مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔ ملک کے چور اور ڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ الیکشن کی حلقہ بندیاں بھی چیلنج ہوں گی۔