Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد مملکت کا دورہ مصر انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، ڈاکٹر طاہر اشرفی

    اسلام آباد - - - - -  مجلس علماء پاکستان کے سربراہ  ڈاکٹر طاہر محمو اشرفی نے کہا ہے کہ ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ مصر انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس سے اسلامی دنیا کے روابط مزید مستحکم ہونگے ۔ اشرفی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ولی عہد نے جامعہ الازھر کا دورہ اور شیخ الازھر ڈاکٹر احمد الطیب سے ملاقات کی جو کافی مفید ثابت ہو گی ۔ اس ملاقات سے سعودی عرب کی جانب سے ملت اسلامیہ  کے اتحاد و استحکام کیلئے کی جانے والی کوششیں واضح ہوتی ہیں ۔ڈاکٹر اشرفی نے مملکت کی جانب سے ملت اسلامیہ اور عالم عرب کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ سعودی عرب کی اعلی قیادت نے ہمیشہ ملت اسلامیہ کے اتحاد اور استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے مثالی اقدامات کئے ہیں جن کی نظیر نہیں ملتی ۔مملکت نے ہمیشہ گروہی عصیبت کے خاتمہ اور اسلام کے بنیادی اصولو ں کی ترویج و اشاعت کیلئے کام کیا ہے ۔ مجلس علماء پاکستان کے سربراہ نے مزید کہا کہ ولی عہد مملکت کا دورہ مصر عالم عرب ہی نہیں بلکہ اسلامی دنیا کیلئے انتہائی اہم ثابت ہو گا ۔ انہوں نے  الازھر او ر پاکستانی علماء کے مابین تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے علماء ان امور پر متفق ہیں کہ اسلام کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں ۔ خادم حرمین شریفین کی جانب سے عالمی قیام امن کے لئے جو کوششیں کی گئی ہیں وہ مثالی ہیں ۔ حرمین شریفین کی قیادت نے ہمیشہ ضیوف الرحمان کی راحت اور آرام کے لئے مثالی کام کئے ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ مملکت سعودی عرب ارض حرمین ہونے کی وجہ سے ہمارے دلو ں میں رہتا ہے ۔ حرمین کا احترام ہر پاکستانی کی اولین ترجیح ہے ۔
مزید پڑھیں:- - - - -مصر میں شہزادہ محمد بن سلمان کا شایان شان استقبال

شیئر: