پاکستان اور سعودی عرب ا سٹریٹجک پارٹنر ہیں،امام کعبہ
لاہور... امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے امام کعبہ سے عربی میں گفتگو کی۔ اس موقع پر امام کعبہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ا سٹریٹجک پارٹنر ہیں۔ پاکستان کا خطے کے امن و استحکام میں اہم کردار ہے۔ پاکستانی حکومت، عوام او رپاک افواج کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لاہور سمیت پنجاب تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بہت محنت سے کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال بھی لاہور آیا تھا اوریہاں بہت ترقی دیکھی تھی۔اب ترقی میں مزید اضافہ دیکھا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب یکجان دو قالب ہیں۔ برادر ملکو ں کے تعلقات تاریخی اور مذہبی لڑیوں میں پروئے ہوئے ہیں۔ یہ تعلقات دنیاوی ضروریات سے بالاتر ہیں۔امام کعبہ کے دور ے سے باہمی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے اچھے برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔پاکستان کے عوام سعودی عرب کے تعاون کو کبھی بھلا نہیں سکتے۔انہوںنے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی عوام دوست پالیسیوں کا قدر دان ہوں۔ سعودی ولی عہدکی پالیسیوں کے دور رس نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔