اتحادیوں نے چیئرمین سینیٹ کا اختیار نواز شریف کو دیدیا
اسلام آباد...حکومت کی اتحادی جماعتوں نے چیئر مین سینٹ اور ڈپٹی چیئر مین سینٹ کے امیدوار کی نامزدگی کا اختیار نوازشریف کو دیدیا ۔ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کے سینئر رہنماوں اور اتحادیوں کا اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، راجہ ظفر الحق، مشاہد اللہ خان، امیر مقام، شاہ محمد شاہ اور مصدق ملک بھی شریک تھے۔اجلاس میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے معاملے پر غور ہوا ۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے صدر میر حاصل بزنجو نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔ اتحادیوں نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی نامزدگی کا اختیار نوازشریف کو دیدیا ۔انہوںنے کہا کہ رضا ربانی کےلئے ان ہی کی پارٹی نہیں مان رہی توہم کیا کریں۔ دریں اثناءمسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے ایم کیوایم کے دونوںدھڑوں نے وفود کی صورت میں علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ نواز شریف نے ایم کیوایم کے دھڑوں سے سینیٹ چیئرمین شپ کے حوالے سے تعاون کی درخواست کی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان نے دعوی کیا ہے کہ سینیٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے ہماری گنتی مطلوبہ تعداد سے بڑھ گئی ۔ دیگر جماعتوں کی طرح ہواوں میں باتیںنہیں کررہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے رضا ربانی کا نام انفرادی طور پر دیا تھا ۔پیپلز پارٹی سے تعلق پر نہیں۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ پر ہمارا پیپلز پارٹی سے کوئی معاملہ نہیں۔ آصف زرداری بزنس مین ہیں اور ہم پیسوں سے ضمیر خریدنے والوں کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔