چیئرمین اور ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کا انتخاب کل ہوگا
اسلام آباد... سینیٹ کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاو س میں ہوگا ۔ نو منتخب ارکان حلف اٹھائینگے۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب بھی اسی دن کیا جائے گا ۔ سینیٹر یعقوب خان ناصر بطور پریزائڈنگ افسر اجلاس کی صدارت کریں گے۔چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدوں کےلئے کاغذات نامزدگی دن 12بجے تک سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع ہوں گے۔ جانچ پڑتال دن2بجے ہوگی ۔ اجلاس دوبارہ 4بجے طلب کرکے چیئرمین وڈپٹی چیئرمین کاانتخاب کیاجائےگا۔ نومنتخب چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین اپنے عہدوں کاحلف اٹھائیں گے ، بعد میں اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیاجائےگا ۔ دریں اثناءتحریک انصاف اور بلوچستان کے آزاد سینیٹرز نے صادق سنجرانی کو بطور چیئرمین سینیٹ امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدس بزنجو اوربلوچستان کے آزاد سینیٹرز کے وفد نے بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق صادق سنجرانی کی متفقہ طور پر چیئرمین سینیٹ نامزدگی کا فیصلہ کیا گیا ۔ ڈپٹی چیئرمین کے لئے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ عمران خان کے فیصلے سے وفاق اور پاکستان مضبوط ہوگا ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں سے رابطوں کے حوالے سے عمران خان کو آگاہ کیا۔ ادھر مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں نے حکمت عملی طے کر لی ۔نیشنل پارٹی کے سربراہ حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ اتحادیوں نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے اپنی حکمت عملی تیار کرلی ۔ مسلم لیگ (ن) اور اتحادی اب بھی رضاربانی کو چیئرمین سینیٹ بنانا چا ہتے ہیں۔ اگر پیپلزپارٹی نے اپنے امیدوار کا اعلان نہ کیا تو نواز شریف خود امیدواروں کا اعلان کردیں گے ۔ ن لیگ کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ کہا ہے کہ اتحادیوں نے مشاورت مکمل کرلی۔ن لیگ نے سینیٹ میں اکثریت ملنے کا دعوی کیا ہے ۔