ہم ہار کر بھی جیت گئے،نواز شریف
اسلام آباد....سابق وزیراعظم اورمسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ جو مشن چن لیا اس کی تکمیل تک کبھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ہمارے 70 سال گزرے، اگلے 70 برس بہتر بنانے کے لئے آپ کے قدم سے قدم ملا کر چلوں گا۔ (ن) لیگ کا منشور اب صرف ان4 الفاظ پر ہوگا کہ ووٹ کو عزت دو۔انہوں نے کہا کہ سب کو گواہ بناکر کہتا ہوں مجھے کوئی ذاتی مفاد یا لالچ نہیں۔اپنے قوم ملک اور عوام کی بات کرتا ہوں۔ووٹ کی عزت ہوگی تو آپ کی عزت ہوگی، ملک کی عزت ہوگی۔ اگلے الیکشن کو عوام نے ایک ریفرنڈم بنادینا ہے۔ آج اپنے کسی کئے کی سزا نہیں بھگت رہا۔ روز عدالتوں کے چکر کاٹ رہا ہوں۔مجھے کوئی بتادے کہ تم نے فلاں جگہ کرپشن کی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں۔میرا ایجنڈا صرف پاکستان اور اس کی ترقی ہے جو کہا کرکے دکھایا۔ ملک میں بجلی آگئی اور دہشت گردی ختم ہوگئی۔سی پیک چل رہا ہے۔لاکھوں کو روزگار مل رہا ہے۔ پاکستان بلندیوں کی طرف جارہا ہے۔ مجھے اس چیز کی سزا دی جارہی ہے۔سابق وزیراعظم نے کہاکہ قوم جسے ووٹ دیتی ہے آج وہی نشانہ بناہوا ہے۔انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کل ملک میں ایک تماشہ لگا۔ بڑے اصولوں کی بات کرتے ہیں۔ کل دیکھا کس طرح سے سب ایک ہی جگہ جاکر جھک گئے۔بنی گالہ، بلاول ہاوس والے اور کے پی کے سے چلنے والے قافلے بھی وہیں جاکر جھک گئے۔ یہ سب چابی والے کھلونے ہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ تم جیت کر ہارگئے اور ہم ہار کر بھی جیت گئے۔ ہم سمجھوتے کرنے والے، اپنی ذات اور مفاد کی خاطر قوم کو بیچنے والے لوگ نہیںجو ہیں آپ کے سامنے ہیں۔