نواز شریف خود چابی سے چلتے رہے،چانڈیو
لاہور... پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنی ذات کی خاطر سیاست اور قوم سے دھوکے کئے۔ وہ خود چابی سے چلنے والے سب سے بڑے کھلونے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان مولابخش چانڈیو نے کہا کہ نواز شریف کی سیاست جھوٹ اور دھوکوں سے عبارت ہے۔ نواز شریف نے چابی پر سیاست کی۔ نواز شریف بتائیں کہ جونیجو کے خلاف سازش میں ا نہیں کس نے چابی بھری۔ میاں صاحب آئی جے آئی نام کے کھلونے میں چابی بھرنے والوں کو نام بھی لبوں پر لائیں ۔وہ کون تھے جنہوں نے میاں صاحب کو چابی بھر کر کالاکوٹ پہنا کر میموگیٹ میں عدلت بھیجا۔ نواز شریف وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو نااہل کرانے سپریم کورٹ کس کے اشارے پر گئے۔ میاں صاحب نے اپنی جماعت کے ساتھ دھوکہ کیا ۔مشرف کے ساتھ معاہدے کر چلے گئے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے مفاد کی خاطر اداروں کو تباہ کرنے پر تلے ہیں۔ اپنے مفاد اور خواب پورے کرنے کیلئے اقتدار چاہئے، قوم کیلئے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر (ن) لیگ کو سینیٹ میں شکست دی ہے۔ حکمران جماعت کو انتخاب ہرانا کہاں کا دھوکہ اور غیرجمہوری عمل ہوا ؟ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور (ن) لیگ ایک صوبے کے مخصوص علاقے کی جماعت ہے۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ زندگی بھر سمجھوتے کرنے اور سر جھکانے والے آج ہم پر انگلی اٹھا رہے ہیں۔ نواز شریف نے ووٹ اور پارلیمنٹ کو بے توقیر کیا۔ قوم اب ان کے دھوکے میں نہیں آئے گی۔