نواز شریف بزرگ ہیں، کچھ بھی کہہ سکتے ہیں، چیئرمین سینیٹ
کراچی... چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ نواز شریف بزرگ ہیں کچھ بھی کہہ سکتے ہیں۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ۔جس کے نمبر بہتر ہوں گے وہی قائد حزب اختلاف بنے گا۔ نو منتخب چیئرمین سینیٹ صادق سجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے مزار قائد پر حاضری دی، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صادق سنجرانی نے کہا کہ سیاست میں اتحاد ہوتے رہتے ہیں۔ اس میں حیرانی کی کوئی بات نہیں۔ آگے بھی اتحاد ہوتے رہیں گے۔ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میںبلاول، زرداری اور عمران خان کے تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سینیٹ میں تمام صوبوں کی برابر نمائندگی ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ رضاربانی نے جو معیار بنایا اسے آگے بڑھائیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہلے کی نسبت حالات بہت بہترہوئے ہیں۔ بلوچستان اب ترقی کی راہ پرگامزن ہے۔ ناراض بلوچ بھائیوں کا مسئلہ کافی مسئلہ حل ہوچکا۔ کوشش کریں گے جو تھوڑے سے بھائی ناراض ہیں وہ مان جائیں۔