اسٹیبلشمنٹ نے چیئرمین سینیٹ نہیں بنوایا، سنجرانی
کوئٹہ ...چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے چیئرمین منتخب کرائے جانے کے الزامات میں صداقت نہیں۔کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخاب کے دوران ایک ٹیم ورک تھا جس میںوزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور ہم نے دن رات محنت کی۔ عمران خان اور زرداری نے ساتھ دیا ۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ روٹیشن کی بنیاد پر ہونا چاہیے،چاروں صوبوں کو چیئرمین سینیٹ کاعہدہ باری باری دیاجائے۔ا نہوں نے کہا کہ سیاست میں الزامات لگانا عام سی بات ہے۔میرا کردار ثابت کرے گا کہ سیاسی ہوں یا نہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں آزاد گروپ ہی آئندہ انتخابات میں کلین سوئپ کرے گا۔ موجودہ اراکین صوبائی اسمبلی کامیاب ہوں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میرے پاس ایک آئینی عہدہ ہے۔میری ہمدردیاں پاکستان کے ساتھ، بلوچستان کے ساتھ اور عوام کے ساتھ ہیں ۔ سابق چیئرمین میاں رضا ربانی کی طرح ہی ایوان کو چلاوں گا بلکہ اس سے بھی زیادہ بہتر کرنے کی کوشش کروں گا۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری اوربلوچستان کی ترقی کے لئے وفاق کے ساتھ مل کر نئی قانون سازی کی جائے گی ۔ بلوچستان کے مفاد میں قانون پر وفاق سے عمل در آمد کرائیں گے۔