عمران اور زرداری ایک سکے کے دو رخ ہیں،نواز شریف
سانگلہ ہل .. سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کو چور کہنے والوں نے نوازشریف کے خوف سے ہاتھ ملا لیا۔ مہرے عوام کے ساتھ مخلص نہیں ہو سکتے۔ عمران خان اور زرداری عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ اتوار کو سانگلہ ہل میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران نیا پاکستان بناتے بناتے پرانے پاکستان کی طرف چل دیئے ۔ سلیم مانڈوی والا کو تحریک انصاف کے سینیٹرز نے لائن بنا کر ووٹ دیا۔سلیم مانڈوی والا، پیپلزپارٹی کے امیدوارتھے ۔ یہ وہی لوگ ہیں جو روایتی سیاست کرنیوالے لوگ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک میں کام کیا ہے۔سی پیک لائے ،موٹر وے بنائی، اندھیروں کو بھگایا ، بجلی لے کر آئے ۔ کیا پیپلز پارٹی اور عمران خان کی جماعت نے ایسا کام کیا ہے؟ عوام نے میرے بیانیے کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مجھ پر کوئی این ای سی ایل، ای او بی آئی، رینٹل پاور، کوٹیکنا اور حج اسکینڈل کا کیس نہیں اس کے باوجود صرف بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر کہا چلو و زیرعظم ہاوس سے نکلو۔ ہم نے پاکستان کو سی پیک اور موٹر وے بنا کر دی ۔ کیا پیپلز پارٹی اور عمران خان کی جماعت نے ایسا کام کیا ہے؟ عوام نے میرے بیانیے کے حق میں فیصلہ دیدیا ۔ عوام نے نواز شریف کو نکالنے کا فیصلہ قبول نہیں کیا ۔