امریکہ سے زیادہ توقعات نہ رکھی جائیں، عبدالباسط
اسلام آباد... سابق سفیر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات اتار چڑھاو کا شکار رہے۔ امریکہ سے زیادہ توقعات وابستہ نہ رکھی جائیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ امریکہ ذاتی حیثیت میں ہے۔ سیٹو اور سنیٹو میں اپنے مفادات کیلئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ ساتھ دیا مگر امریکہ نے کبھی ہمارے مفادا ت کا خیال نہیں رکھا۔ عبدالباسط نے کہا کہ نہیں لگتا کہ مستقبل میں کبھی پاک، امریکہ مفادات یکجا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس خطے میں ہند کو ترجیح دے رہا ہے۔ پاکستان سے سلوک امتیازی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اختلافات اور تضادات کا شکار رہی ہے۔ ایف اے ٹی ایف اجلاس سے چند ماہ قبل ہی اقدامات کرسکتے تھے۔ ہم نے کیوں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کے سر پر آنے کا انتظار کیا ۔ دفتر خارجہ میں پالیسی اور ویژن کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہند تیسرے ملک کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کررہا ہے۔ عالمی برادری کو نئی دہلی کیخلاف واضح موقف اپنانا چاہئے۔ کلبھوشن یادو کے اعترافات دنیا کے سامنے ہیں۔