پی ایس ایل نے نیا جذبہ بیدار کیا ،شاہد خاقان
اسلام آباد...وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی واپسی، اقتصادی ترقی اور امن کی بحالی ملک کی عمدہ کارکردگی کا ثبوت ہے۔ وفاقی حکومت کے ویڑن، صوبائی حکومتوں کے تعاون اور پولیس ، فوج اورقانون نافذ کرنےوالے اداروں کے اہم کردار سے کراچی میں امن بحال ہوا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ایس ایل نے پوری قوم میں نیا جذبہ بیدار کیا ہے اور یہ روشنیوں کے شہر کی مثبت تصویر کشی کرے گا۔حکومت ملک میں امن و خوشحالی کےلئے اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام جاری رکھے گی۔ دریں اثناءوزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد شہرقائد کے پھر سے روشنیوں کا شہر بننے کی دلیل ہے۔ تمام قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔کراچی کی خوشیوں پر پوری قوم اور بالخصوص کراچی کی عوام کو مبارکباد دیتے ہیں۔