حکمرانی ہمارا حق ہے،خواجہ آ صف
سیالکوٹ...وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 2018 میں الیکشن کا میدان لگے تو احتساب اور جوڈیشل مارشل لا کا کہنے والوں کو اوقات پتا چل جائے گی۔ ورکرز کنونش سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی کہتا ہے جوڈیشل مارشل لا لگاو۔کوئی کہتا ہے احتساب کرو پھر انتخابات۔ اب میدان لگے گا تو انہیں پتہ چلے گا ان کی کیا اوقات ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام منصف ہوں گے اور فیصلہ کریں گے کہ 2018 کے الیکشن کی کشتی کون جیتے گا۔وزیر خارجہ نے کہاکہ نوازشریف کے مخالفین نے انہیں نکال دیا لیکن وہ کبھی ان کے ترقیاتی منصوبوں کو نکالنے کے قابل نہیں ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ مخالفین سمجھتے ہیں کہ وہ ہمیں نیب میں گھسیٹ کر ہمارے کردارپر دھبہ لگا سکتے تھے۔ شریفوں کے پاس عوام کی حمایت ہے۔نوازشریف کی شہرت میں اس وقت بھی اضافہ ہوا جب سابق ڈکٹیٹر نے انہیں اقتدار سے باہر کیا۔ انہوںنے کہا کہ حکمرانی ہمارا حق ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ کس نے حقیقت میں آئین توڑا۔