بہار: صحافی سمیت 2افرادکا قتل
نئی دہلی ۔۔۔۔بہار کے بھوجپورضلع میں بدمعاشوں نے صحافی سمیت 2افراد کو گاڑی سے کچل کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔یہ واقعہ آراسسہرام شاہراہ پر نہسی گاؤں کے قریب پیش آیا۔گڑہنی کے سابق پردھان کے واردات میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔مرنیوالوں میں نوین نشچل اور وجے سنگھ ہیں ۔ ان میں نوین ایک ہندی روزنامہ کے نمائندے تھے جبکہ وجے سنگھ ایک میگزین کے کارکن تھے۔ اِن افراد کی ہلاکت پرمشتعل ہجوم نے کار کو نذرآتش کردیااور علاقے میں ٹریفک جام کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔جائے وقوعہ پر موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ ساز ش کے تحت انہیں قتل کیا گیا۔ذرائع کے مطابق سابق پردھان شاہدہ پروین کے شوہر ہرسومیاں سے گڑھنی بازار میں صحافی سے نوک جھونک ہوگئی تھی۔حادثے کی واردات کے بعد ملزمان گاڑی موقع پر ہی چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے جسے علاقے کے لوگوں نے آگ کے حوالے کردیا۔اس واقعہ کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا ۔مظاہرین نے شاہراہ جام کردی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور طاقت کا استعمال کرتے ہوئے حالات کو کنٹرول کیا۔صحافی نوین نے بیوی ،18سالہ بیٹی نہاریکا، 15سالہ بیٹا نتن کو سوگوار چھوڑا۔ پولیس لاشوں کو قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا اور واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔واضح ہو کہ گزشتہ برس سیوان کے صحافی راجدیو رنجن کو سرعا م فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔اس طرح کھلے عام صحافیوں کے قتل سے بہار انتظامیہ پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے؟۔