سعودی عرب پر جارحیت کی مذمت کرتے ہیں،پاکستان
اسلام آباد... پاکستان نے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملے کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتا ہے۔ کسی بھی قسم کی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے میزائل کو فضا میں تباہ کرنے اور ہلاکتوں کو محدود کرنے کو سراہا۔ ترجمان نے سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کو لاحق کسی بھی قسم کے خطرات کے خلاف سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی بھرپور حمایت اور یکجہتی کااظہار کیا۔ واضح رہے کہ حوثی باغیوں نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب سعودی عرب کے مختلف شہروں پر 7میزائل داغے جنہیں فضا میں ناکارہ بنادیا گیا۔ ان میں سے 3میزائل ریاض پر داغے گئے تھے۔ اتحادی افواج کے ترجمان نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سعودی فضائیہ کے راڈار نے مملکت کی فضائی حدود میں داغے جانے والے 7میزائل ریکارڈ کئے 3کا ہدف ریاض شہر تھا، ایک خمیس مشیط، ایک نجران اور 2 میزائل جیزان پر داغے گئے۔ اطلاع ملنے پر فضائیہ نے فوری کارروائی کی اور تمام میزائلوں کو فضا میں ناکارہ بنادیا۔ میزائل کو ناکارہ بنانے سے ان کا ملبہ شہری آبادی پر گرا ہے جس کے باعث اطلاعات کے مطابق املاک کو نقصان ہوا ہے جبکہ ریاض میں ایک مصری تارک وطن جاں بحق ہوگیا۔