پاکستانی کمپنیوں پر پابندی ،امریکہ سیاسی رنگ نہ دے،دفتر خارجہ
اسلام آباد... ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی نجی کمپنیوں پر امریکی پابندیوں سے آگاہ ہیں ۔ ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ امریکہ معاملے کو سیاسی رنگ دینے سے باز رہے ۔واشنگٹن کے اس اقدام سے سیاسی عزائم واضح ہیں ۔پاکستان کی عدم جوہری پھیلاﺅ کی کوششوں پر شبہات سے گریز کیا جائے ۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے جوہری سیفٹی کے لئے بین الاقوامی معیار کے اقدامات کئے ہیں ۔ جوہری عدم پھیلاو¿، تحفظ وسلامتی سے متعلق پاکستان کی کوششوں سے پوری دنیا آگاہ ہے ۔ پاکستان ٹیکنالوجی کے پر امن استعمال کے لئے غیر ضروری پابندی کے حق میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ فہرست میں شامل ہونے والی نجی کمپنیاں ہیں، 7 پاکستانی کمپنیوں کو بی آئی ایس فہرست میں شامل کرنے کے معاملے سے متعلق ا مریکہ سے معلومات حاصل کریں گے تاکہ صورتحال سمجھ میں آسکے۔ترجمان کے مطابق امریکی فہرست میں دنیا کے کئی ملکوں کی کمپنیوں کو شامل اور خارج کیا جاتا ہے لیکن ایسے معاملات کو سیاسی رنگ نہیں د یا جاتا ۔ پاکستان مخالف عناصر کی کوششوں کو رد کرتا ہے۔ ایسی کوششوں سے اس کے پس پردہ سیاسی محرکات کے شکوک کوتقویت ملتی ہے۔واضح رہے امریکی بیورو آف انڈسٹری اور سیکیورٹی نے امریکی مفادات کے خلاف کام کرنے کے الزام میں 7 پاکستانی کمپنیوں پر پابندی عائد کی ہے ۔ ان کمپنیوں پر مبینہ طور پر جوہری مواد کی ترسیل میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔