عروسی ملبوسات کے بدلتے رجحانات
بدلتے رجحانات کے ساتھ ساتھ عروسی ملبوسات کے انداز میں بھی تبدیلی اور جدت آگئی ہے اور اب بھاری بھرکم کڑھائیوں والے اور گہرے رنگ کے ملبوسات کی جگہ مدھم اور ہلکے رنگوں کے نازک اور نفیس ملبوسات نے لے لی ہے . سرخ ، آتشی گلابی اور سبز رنگ کے گہرے اور شوخ شیڈز کی جگہ دھیمے رنگوں سے کشیدہ کاری کی جارہی ہے ۔ سرمئی رنگ جو کبھی بھی کسی تہوار شادی بیاہ یا تقریب میں پہنے جانے والا رنگ تصور نہیں کیا جاتا تھا آجکل برائیڈل ٹرینڈ کا حصہ ہے اور ولیمے اور منگنی کی تقریبات میں اس رنگ کا انتخاب آپ کے فیشن سینس کو ظاہر کرتا ہے ۔اسی طرح سفید رنگ کبھی بھی عروسی ملبوسات کے لئے موزوں نہیں سمجھا جاتا تھا لیکن اب بین الاقوامی عروسی ملبوسات کی جھلک مشرقی ملبوسات میں بھی نظر آنے لگی ہے اور سفید رنگ میں قدرتی نزاکت ، نفاست اور دلکشی سے مزین عروسی ملبوسات تیار کیے جا رہے ہیں ۔ عام طور پر برائیڈل فیشن کا ٹرینڈ سال میں دو بار بدلتا ہے اور ہر دلہن اس نئے ٹرینڈز کے بارے میں معلومات رکھنے میں دلچسپی رکھتی ہے ۔ روایت کے مطابق پاکستان میں بارات پر سرخ رنگ کا بھاری بھرکم لہنگا پسند کیا جاتا ہے اور ولیمے میں روایتی گلابی ، سبزیا نیلے رنگ کو ترجیح دی جاتی ہے ۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ روایتی رنگ فیشن ٹرینڈ کا حصہ ہیں ؟ اگر نہیں ہیں تو کیا پھر بھی کوئی لڑکی اپنے سب سے خوبصورت دن کے لئے ان رنگوں کا انتخاب کرے گی ؟ یقیناً ہرگز نہیں ۔ ہر دلہن کی کوشش ہوگی کہ وہ روایتی انداز کو جدید رنگوں میں اپنانے کی کوشش کرے گی ۔ بنفشی ، انگوری ، دھیما گلابی ، ہلکا نیلا ، سفید ، قرمزی ، نارنجی اور الٹراوائلٹ اس سال کے مقبول ترین برائڈل کلرز ہیں جنہیں شادی بیاہ یا منگنی کی پرتعیش یا سادہ تقریبات میں انتہائی خوبصورتی کے ساتھ اپنایا جا سکتا ہے .