شاہد خاقان وفاق اور بلوچستان کو لڑانا چاہتے ہیں،شیری
اسلام آباد... پیپلزپارٹی کی رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم جمہوریت اور جمہوری اداروں کا ضامن ہوتا ہے مگر وہ الزامات لگا رہے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ پر کیچڑ اچھا ل رہے ہیں۔ن لیگ والوں کو آج ووٹ کا تقدس یاد ہے مگر چیئرمین سینیٹ کے خلاف باتیں کررہے ہیں یہ منافقت کی حد ہے۔وزیراعظم ایسے بیانات دے کر وفاق اور بلوچستان کو لڑانا چاہتے ہیں۔ اس کے ردعمل میں بلوچستان وزیراعظم کے پتلے جلائے جارہے ہیں۔ اگر وزیراعظم کو کوئی بات کرنی ہے تو معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں کمیٹی بنائیں یا پھر ملکر بیٹھ کر مسئلہ پر بات کریں۔ ایک بیان میں شیری رحمن نے کہا کہ وزیراعظم جو زبان بول رہے ہیں یہ ان کی اپنی زبان نہیں۔ ان سے یہ کہلوایا جارہا ہے۔ نواز شریف او ران کی جماعت کے رہنما بالخصوص گالم گلوچ بریگیڈ شاہد خاقان عباسی سے ایسے بیانات د لوا رہے ہیں۔ایسے بیانات کا مقصد چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کو متنازعہ بنانا ہے کیونکہ ن لیگ کو سینیٹ الیکشن میں مینڈیٹ نہیں ملا اور وہ اپنا چیئرمین بنانے میں ناکام ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم پارلیمان کا وقار بلند کرنا چاہتے ہیں تو باعزت طریقے سے پارلیمنٹ آئیں۔ معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنائیں۔ مل بیٹھ کر معاملہ حل کیا جاسکتا ہے۔