Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین کی توسیع سربراہان مملکت کا مثالی کارنامہ ہے ، میر صادق سنجرانی

تارکین کا کردار ملکی معیشت کیلئے انتہائی اہم ہے ، چیئر مین سینیٹ کی اردونیوز سے گفتگو
مکہ مکرمہ ( محمد عامل عثمانی )   چیرمین سینیٹ  میر صادق  سنجرانی نے کہا ہے کہ پاک ، سعودی تعلقات مثالی ہیں ۔ حرمین شریفین کی توسیع خادم حرمین شریفین کا عظیم کارنامہ ہے جس سے ضیوف الرحمان کو بے پناہ سہولت ہو رہی ہے ۔وہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد میر نعیم سنجرانی کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطا ب کر رہے تھے ۔چیئر مین سینیٹ نے مزید کہا کہ اس میں کوئی 2 رائے نہیں کہ مملکت عالم اسلام کے لئے مرکز و محور ہے ۔ سعودی عرب میں بڑی تعداد میں پاکستانی مقیم ہیں ۔ مملکت کی تعمیر و  ترقی میںیہاں مقیم پاکبانوں کے کردار سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ۔ بیرون ملک مقیم ہر پاکستان وطن عزیز کاسفیر ہے ۔ ملکی معیشت کے استحکام  میں تارکین کا کردا ر  انتہائی  اہم ہے ۔ انکی جانب سے بھیجے جانے والے زرمبادلہ سے ملکی معیشت مضبوط ہوتی ہے ۔ میر صادق سنجرانی نے مزید کہا حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کے مسائل سے بھی بخوبی واقف ہے اور انہیں حل کرنے کیلئے جامع انداز میں کام کررہی ہے ۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بھی تارکین کے مسائل کو وقتا فوقتا اجاگر کیا جاتا ہے تاکہ انکا درست اور جامع حل تلاش کیا جائے ۔ مملکت میں مقیم پاکبانوں کے مسائل کے حل کیلئے میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ سفارتخانے کی تجویز کے مطابق یہاں عملے کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ دریں اثناء چیئر مین سینیٹ نے اردونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا مملکت اور پاکستان کے مابین برادرانہ تعلقات کو دیکھتے ہوئے میری کوشش ہے کہ دونوں برادر ملکو ں کے مابین تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ کیا جائے جس کے لئے متعلقہ اداروں سے بات کروں گا۔ ایک سوال پر چیئر مین سینیٹ کا کہنا تھا کہ گوادر منصوبے کی تکمیل کے بعد ملک میں معاشی انقلاب آئے گا جس سے پاکستان کے معاشی حالات بہتر ہونگے اور بے شمار لوگوں کو روزگار ملے گا ۔ بلوچستان کے حالات پر گفتگو کرتے ہوئے میر صادق سنجرانی نے کہا کہ اب وہاں حالات بہت بہتر ہو گئے ہیں ۔ وہاں نئے روٹس کی تعمیر کے بعد اب حالات کافی بہتر ہوئے ہیں ۔ چاغی سے گوادر کا راستہ جو 40 گھنٹے میں طے ہوتا تھا اب 15 گھنٹے کا ہو گیا ہے ۔ استقبالیہ تقریب  میں شیخ عبدالعزیز بزنجو ، عبدالستاربخش بزنجو نے بالترتیب بروہی او ر اردو میں مہمان خصوصی کی مدح میں نظمیں پیش کیں ۔

شیئر: