کشمیری جوان جنازے اٹھا رہے ہیں،خواجہ آصف
اسلام آباد... وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کشمیر کو خون میں نہلا دیا گیا ۔کشمیری لاشیں گن رہے ہیں اور جوان جنازے اٹھا رہے ہیں۔ ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیری نوجوان نسل ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری خون عالمی ضمیر کو آواز دے رہا ہے ۔ پاکستان اس آزمائش میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔دریں اثناءدفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمدفیصل نے بین الاقوامی برادری پر زوردیاہے کہ وہ کشمیر میں ظالمانہ کارروائیوں کاسلسلہ بندکرانے کیلئے ہند پردباو ڈالے۔ سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے احتجاج کرنیوالے شہریو ں پر پیلٹ گنز کے استعمال اور وحشیانہ کارروائیو ں کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہاکہ کشمیری حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہدکررہے ہیں۔ عالمی برادری ہندوستانی مظالم کانوٹس لے اور کشمیریوں کوحق خودارادیت دینے سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زوردیا کہ وہ کشمیر کی صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کریں۔