امریکہ پوری امداد بھی روک دے، پروا نہیں،مفتاح اسماعیل
لاہور...وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اگر امریکہ ہماری پوری امداد بھی منسوخ کر دے تو کوئی پروا نہیں۔ چند لاکھ ڈالر کی خاطر اپنی سیکیورٹی اور قومی مفاد کو داو پر نہیں لگا سکتے۔امریکہ اور ہند مل کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ غیر ملکی اخبار کو انٹر ویو میں مشیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان ساتواں بڑا ملک اور ہمارے پاس دنیا کی 7ویں بڑی فوج ہے۔خطے میں امن کے قیام کے لئے جو کچھ ممکن ہے پاکستان کر رہا ہے لیکن پاکستان کی جانب سے دی گئی قربانیوں اور کوششوں کی دنیا سے وہ پزیرائی نہیں مل رہی جس کا پاکستان مستحق ہے۔انہوںنے مزید کہا حکومت منی لانڈرنگ کے سدباب کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔غیر ملکی کرنسی اکاونٹ میں ایک لاکھ ڈالر سے زائد رقم رکھنے والے کو آمدن کا ذریعہ بتانے کے لئے پابند کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بیرون ملک بنائے گئے اثاثے ظاہر کرنے والے پاکستانیوں کے لئے ایمنیسٹی اسکیم متعارف کرائی جارہی ہے۔