پرندے سے ٹکرانے کے بعد ڈیلٹا ایئر کے طیارے کی نیویارک میں ایمرجنسی لینڈنگ
نیویارک..... نجی فضائی کمپنی ڈیلٹا ایئر کے ایک طیارے کو پرواز کیلئے فضا میں بلند ہوتے ہی پرندے سے ٹکڑانے کے بعد نیویارک کے جے ایف کے ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔ باخبر ذرائع کے مطابق ڈیلٹا کی پرواز نمبر2836 جو ڈینوور جارہی تھی500فٹ کی بلندی پر پرندے سے ٹکرا گئی اور اسے یہاں ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔ اس موقع کی جو تصاویر جاری ہوئی ہیں ان سے پتہ چلتا ہے کہ طیارے کے پروں کو نقصان پہنچا ہے اور اس حادثے کے بعد طیارے کے ہواباز نے بہتر یہی جانا کہ وہ اپنا سفر جاری رکھنے کے بجائے اس ایئرپورٹ پراتر جائے جو اس کے لئے قریب ترین تھا۔ یہ واقعہ مقامی اخبارات کے مطابق صبح 8بجے پیش آیا پرندہ چھوٹا تھا مگر اس ٹکر کے نتیجے میں طیارے کا انجن بھی متاثر ہوا۔ واضح ہو کہ حالیہ دنوں میں نیویارک ایئرپورٹ پرکئی غیر ملکی طیاروں سمیت کچھ امریکی طیارے بھی چھوٹے موٹے حادثات یا فنی خرابی کے نتیجے میں یہاں ایمرجنسی لینڈنگ کرچکے ہیں مگر ڈیلٹا ایئر کی ایمرجنسی لینڈنگ کی تعداد دوسری فضائی کمپنیو ںکے مقابلے میں زیادہ بتائی جاتی ہے اور تعداد میں اس اضافے کو فلائٹ انجینیئر اور پائلٹ دونو ںکی معمولی کوتاہی یا غفلت کا نتیجہ قرار دیا جاتا ہے۔ خیر گزری پر طیارے پر سوار 126مسافربالکل محفوظ رہے ۔ تھوڑی دیر کے معائنے کے بعد تمام مسافروں کو ڈینوور بھیجنے کا متبادل انتظام کردیا گیا۔