بین الاقوامی سمندر میں تیل لے جانے والے سعودی بحری جہاز پر حملہ
ریاض: حوثی باغیوں نے بین الاقوامی سمندر میں تیل لے جانے والے سعودی بحری جہاز پر حملہ کردیا جس کے باعث بحری جہاز کو معمولی نقصان ہوا۔ اطلاع ملتے ہی اتحادی افواج کے جنگی بیڑے نے مداخلت کرتے ہوئے بحری جہاز پر حملہ ناکام بنادیا۔ اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ آج منگل کو دوپہرایک بجے سعودی عرب کا بحری جہاز جو بین الاقوامی سمندر میں تیل لے جارہا تھا حوثی باغیوں کے حملے کا نشانہ بنا۔
حوثی ملیشیا نے اپنے زیر قبضہ الحدیدہ بندر گاہ سے حملہ کیا تھا۔ اتحادی افواج کے جنگی بیڑوں کی مداخلت سے تیل لے جانے والے جہاز کو معمولی نقصان ہوا۔ بعد ازاں جنگی بیڑوں کی نگرانی میں تیل لے جانے والے جہاز نے بین الاقوامی سمندر اپنا سفر مکمل کیا۔ حوثی باغی باب المندب اور بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملہ کرکے بین الاقوامی تجارت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ تیل لے جانے والے بحری جہازوں کو حملے سے خطے میں ماحولیاتی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
اتحادی افواج کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ حوثی باغی اور اس کی پشت پناہ طاقت الحدیدہ بندر گاہ کو مرکز بناکر نہ صرف بین الاقوامی بحری راستے کے لئے نشانہ بنے ہوئے ہیں بلکہ اسی بندر گاہ سے اسلحہ اور میزائل اسمگل کئے جاتے ہیں۔