Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیریوں کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ چوہدری نثار

اسلام آباد...سابق وزیر داخلہ چوہدری نثارنے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر جنجوعہ کی ہندوستانی ہائی کمشنراجے بساریہ سے ملاقات پر ردعمل میں کہا ہے کہ ہندکشمیر میں ریاستی دہشت گردی کررہا ہے جبکہ ہم ہندوستانی حکام سے دوستی نبھا رہے ہیں ۔ایسی ملاقاتوں سے کشمیریوں کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ ہند میں ہمارے سفارت کاروں پر زمین تنگ کی جارہی ہے۔ ایسے حالات میں حکومتی اعلی عہدیدار کی ہندوستانی ہائی کمشنر سے ملاقات سمجھ سے بالا تر ہے ۔ ایک بیان میں چوہدری نثار نے کہا کہ جموں و کشمیر میں روا رکھی گئی دہشت گردی کے پس منظر میں سینئر حکومتی اہلکار کی ہندوستانی ہائی کمشنر سے ملاقات کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ایسی ملاقاتوں سے پہلے سوچنا چاہیے کہ خون میں لت پت کشمیریوں کو کیا پیغام دے رہے ہیں۔ جب تک ہماری پالیسی اور عمل میں یہ ابہام اور تضاد دور نہیں ہوں گے اس وقت تک کشمیریوں کی مدد کا دعویٰ ایک دکھاوا ہی رہے گا۔ کیا نئی دہلی میں متعین ہائی کمشنر کو ہندوستانی حکومتی اہلکار اسی طرح ملاقات کا وقت دیتے ہیں؟ وہاں تو ہمارے سفارت کاروں پر زمین تنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کا نوٹس تو اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی لیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل ان واقعات کو کھلی ریاستی دہشت گردی قرار دے رہی ہے ادھر ہم ایسے پیغام دے رہے ہیں جیسے اس خطے میں سب اچھا ہے پاک و ہند قریب آ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:ناصر جنجوعہ سے ہندوستانی ہائی کمشنر کی ملاقات

شیئر: