پاکستان نے اپنے حصے کا کام کردیا،شاہد خاقان
اسلام آباد...وزیر اعظم شاہد خاقان نے کہا ہے کہ ہم نے اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کو شکست دی ہے جسے دنیا تسلیم کرے۔کوئی ایسا ملک نہیں جس نے دہشت گردی کے خلاف اکیلے جنگ لڑ کر ایسی بے مثال کامیابی حاصل کی ہو۔دنیا نے دہشت گردی کے خلاف ہماری کوششوں کی بے قدری کی لیکن ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکی۔بین الاقوامی انسداد دہشت گردی فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان آج ایک محفوظ ملک ہے۔ ترقی اور خوشحالی کے منصوبے پھل پھول رہے ہیں۔سی پیک منصوبوں سے پاکستان مشرق وسطیٰ اور یورپ سے منسلک ہو گا۔انہوں نے کہا کہ چیلنجز سے نمٹنا جانتے ہیں۔ عوام نے انتہاپسندوں کو ہمیشہ مسترد کیا۔پاکستان نے اپنے حصے کا کام کردیا اور کررہا ہے۔ دنیا بھی اپنے حصے کاکام کرے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بھاری قیمت ادا کی اور معاشی نقصانات بھی اٹھائے۔ شاہد خاقان نے مزید کہا کہ پاکستان سے زیادہ کوئی ملک افغانستان میں امن کا خواہش مند نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قندوز میں بچوں کی شہادت کاواقعہ افسوسناک ہے۔ اس طرح کے واقعات سے انتہا پسندی جنم لیتی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوائے۔