دہشت گردی اورانتہاپسندی کے دن ختم ہوگئے،خواجہ آصف
اسلام آباد...وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ملک کے لئے خطرہ نہیں بننے دیں گے۔دہشت گردی اورانتہاپسندی کے دن ختم ہوگئے۔اب ملک ترقی کرےگا۔ دہشت گردی کے خلاف ہماری کامیابیاں جمہوری پاکستان کی سوچ کو حقیقت کا روپ دینے میں ہماری مدد کررہی ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔بین الاقوامی انسداد دہشت گردی فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ پڑوسی ملک میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہیں۔دہشت گرد وہاں سے پاکستان پر حملے کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں۔ دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام کامیابی سے کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ قائداعظم کے جمہوری پاکستان کے وژن پرعمل پیراہیں۔ ملک میں انسانی وسائل کوترقی دینے کی ضرورت ہے۔ پائیدارترقی کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ غربت کاخاتمہ اور روزگارکی فراہمی جمہوریت کی وجہ سے ممکن ہوتی ہے۔