افغانستان اور پاکستان علاقائی سیکیورٹی کیلئے تعاون پر متفق
کابل... وزیراعظم شاہد خاقان اور افغان صدر اشرف غنی نے روابط کے ذریعے علاقائی سیکیورٹی کے مشترکہ ہدف کے حصول پراتفاق کیا ہے۔ دونوں رہنماوں میں یہ اتفاق رائے جمعہ کو وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران پایا گیا۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مذاکرات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئے۔ سیکیورٹی معاملات، انسداد دہشت گردی، افغان پناہ گزینوں کی واپسی، منشیات کی پیداوار کے خاتمے افغان امن عمل اور دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان نے افغان صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ دریں اثناءوزیراعظم شاہد خاقان اور افغان صدر اشرف غنی نے ارگ مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔