برطانوی فوجی سربراہ کو پاک،افغان سرحد کی سیکیورٹی پر بریفنگ
راولپنڈی ...برطانوی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔ دوطرفہ معاملات اور خطے میں سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کے مثبت کردار اور سرحدی کنٹرول کو موثر بنانے کے لئے پاک، افغان پر باڑ لگانے کے اقدام کو سراہا۔ جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کارروائیوں کے مثبت نتائج نکلے ہیں۔پاک ،افغان سرحد پر باڑ لگانے اور دیگر اقدامات سے صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ اس سے انتہا پسندی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ بعد ازاں جنرل نکولس نے آرمی چیف کے ہمراہ بلوچستان کے علاقے گردی جنگل اور سرحدی علاقے برابچاہ کا دورہ کیا۔ انہیں بلوچستان میں پاک، افغان بارڈر کو محفوظ بنانے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ خوشحال بلوچستا ن پروگرام میں معاونت کے لئے سیکیورٹی آپریشن کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔