نئی دہلی، جودھپور۔۔۔۔ سلمان خان کو کالے ہرن شکار کیس میں جودھپور کی سیشن عدالت نے ضمانت دیدی ہے اوروہ شام تک رہا ہوسکتے ہیں۔
جمعرات 5اپریل کو جودھپور کی نچلی عدالت نے نے سلمان کو 5سال قید اور 10ہزار روپے جرمانے کی سزاسنائی تھی جس کے بعد انہوں نے 2راتیں جودھپور سینٹرل جیل میں قیدی نمبر 106بن گزاریں۔سلمان خان سے 25، 25ہزار روپے زرضمانت جمع کرائے جائیں گے۔ جودھپور سیشن عدالت نے کیس کی سماعت صبح ساڑھے 10بجے شروع کی تھی ۔
سماعت کے دوران سلمان خان کے وکیل مہیشوری بورا اور ہستیمل سارسوت نے عدالت میں دلائل پیش کئے اور سلمان خان کو بے قصور قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ انہیں غلط اور ناجائز طریقے سے پھنسایا گیا۔سلمان ہر پیشی پر عدالت میں حاضر ہوتے رہے ۔انہوں نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا۔اسلحہ رکھنے کے کیس میں بھی انہیں بری کیا گیا۔
سرکاری وکیل نے سلمان خان کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سلمان ملزم ہیں۔ ان کے خلاف پختہ ثبوت موجود ہیں۔ان کا جیل میں رہنا ہی بہتر ہوگا۔ سلمان کے وکیل نے کیس سے متعلق تمام شواہد عدالت میں پیش کئے۔کیس کی سماعت سے قبل سیشن جج رویندر کمار جوشی اور سلمان کو سزا سنانے والے سی جے ایم دیو کمار کھتری کے مابین چیمبر میں تقریباًآدھے گھنٹے تک بات چیت ہوئی۔۔
سلمان کی دونوں بہنیں الویرا اور ارپتا دوپہر 2بجے ہی عدالت پہنچ گئی تھیں کیونکہ عدالت نے فیصلہ سنانے کا وقت 2بجے مقررکیا تھا۔ سلمان کی درخواست ضمانت پر دونوں فریقوں کی جانب سے دلائل سننے کے بعد ضلع سیشن جج روندر کمار جوشی نے3بجے فیصلہ سنایا۔واضح ہو کہ جمعہ کو راجستھان ہائیکورٹ کی جانب سے 140ججوں کا تبادلہ کردیا گیا جن میں سلمان خان کو 5سال قید کی سزا سنانے والے اور ان کی درخواست ضمانت پر سماعت کرنے والے جج جوشی شامل ہیں۔
سیف ،تبو، نیلم ،سونالی بندرے کو ملی ضمانت