سب کا احتساب ہو گا، چیف جسٹس ثاقب نثار
لاہور...سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثارنے کہا ہے کہ احتساب سب کا ہوگا۔ قوم کی ایک ایک پائی وصول کروں گا۔سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں صاف پانی ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے کی۔چیف جسٹس نے صاف پانی پراجیکٹ سے متعلق رپورٹ مسترد کردی ۔چیف سیکرٹری پنجاب نے اعتراف کیاکہ صاف پانی کمپنی میں معاملات اوپر جانے کے بجائے نیچے آتے رہے ۔ منصوبے پر 400 کروڑ روپے لگنے کے باوجود منصوبہ مکمل نہیں ہوا۔چیف جسٹس نے ریمارکس د ئیے کہ اتنے اخراجات اشتہاری مہم پر لگے لیکن منصوبہ مکمل ہی نہیں ہوا۔ یہ قوم کا پیسہ ہے ،واپس قومی خزانے میں جائے گا ۔سب کا احتساب ہو گا۔سابق سی ای او صاف پانی کمپنی نے عدالت کو بتایا کہ مقامی ماہرین کو ہٹاکر بیرون ملک سے ماہرین بلائے گئے۔ وزیراعلیٰ نے اختیارات نہ ہونے کے باوجود صاف پانی کمپنی میں احکامات د ئیے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ جنہوں نے کمپنیوں میں تقرریاں کیں، پیسے ان سے بھی وصول کئے جائیں گے۔جب تک یہ عدلیہ ہے کوئی سفارش یا رشوت نہیں چلے گی۔