دنیا کے سفر پر نکلے روسی سائیکلسٹ پردیہاتیوں کا حملہ
حیدرآباد۔۔۔۔روسی باشندہ جو سائیکل پر دنیا کے سفر پر تھا، ریاست تلنگانہ سے گزرنے کے دوران ضلع کاماریڈی کے بھکنو رمنڈل پہنچا جہاں دیہاتیوں نے غلطی سے چور سمجھ کراس پر حملہ کردیاجس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق روسی باشندہ الیکز یا اولیگوا کا جبڑا ٹوٹ گیا جس کی سرجری کیلئے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ڈپٹی ایس پی سویتا ریڈی نے اسپتال پہنچ کر روسی سائیکلسٹ کی خیریت دریافت کی۔44سالہ روسی باشندہ ماسکو سے دنیا کے سفر پر نکلا ہوا ہے۔وہ 30ممالک کا دورہ کرتے ہوئے حیدرآباد سے مہاراشٹر جارہا تھا ۔شدید بارش کے باعث وہ دھان کے کھیت کے قریب خیمہ لگاکر ٹھہر گیا۔کھیت کا مالک نرسا ریڈی نے اسے دیکھ کر تلگو زبان میں سوالات کئے جسے روسی باشندہ سمجھ نہ سکا اور نرسا ریڈی نے گاؤں کے لوگوں کو جمع کیااور وہ روسی سائیکلسٹ پر حملہ آور ہوگئے، نرسا نے فلیش لائٹ سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں اس کا جبڑا ٹوٹ گیا ۔پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔