بلوچستان کے2 سابق وزرائے اعلیٰ سپریم کورٹ میں طلب
کوئٹہ ...سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے بلوچستان میں سرکاری اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی صورت حال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 2سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر مالک بلوچ اور نواب ثناء اللہ زہری کو طلب کرلیا۔ صوبے میں انتظامی امور بہتر بنانے میں ناکامی کی وجوہ بتانے کی ہدایت کی ہے۔سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے بلوچستان کے سرکاری اسپتالوں اور کالجوں کے حالت زار پر کیس کی سماعت کی۔عدالت نے استفسار کیا کہ وزرائے اعلیٰ نے اپنے دور میں بہتری کے لئے کیا اقدامات کئے؟۔بلوچستان کے سیکریٹری تعلیم نور الحق بلوچ نے عدالت کو بتایا کہ صوبے میں 10 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں ۔سیکریٹری صحت بلوچستان صالح نثر نے عدالت کو بتایا کہ اگلے 10 دنوں میں سرکاری اسپتالوں کی حالت کی بہتری کے لئے پالیسی تشکیل دی جائے گی۔