سپریم کورٹ نے پی آئی اے کی نجکاری روک دی
جمعرات 12 اپریل 2018 3:00
اسلام آباد...سپریم کورٹ نے حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری سے روک دیا اورکہاہے کہ حکومت نجکاری سے قبل اعلی عدلیہ کو اعتماد میں لے۔سپریم کورٹ میں پی آئی اے نجکاری کی از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔سپریم کورٹ نے پی آئی اے کے مالی خسارے کے تخمینے کے لئے ٹرمز آف ریفرنسزبھی طلب کرلئے۔ عدالت نے کہا کہ سابق سربراہان میں سے اگر کوئی باہر جائے گا تو اجازت سے جائے گا۔اس سے قبل سپریم کورٹ نے پی آئی اے کے تمام سابق ایم ڈیز کے نام ای سی ایل میں شامل کرنےکا حکم دیتے ہوئے نجکاری سے متعلق وفاقی حکومت سے جواب طلب کیاتھا۔وکیل پی آئی اے نے عدالت کو بتایا 2013 میں پی آئی اے کو44 ارب روپے، 2014 میں 37 ارب روپے، 2015 میں 32 ارب روپے، 2016 میں45ارب روپے اور 2017 میں 40 ارب روپے کانقصان ہوا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا آپ لوگوں نے ظلم کیا۔اتنا بڑا اثاثہ برباد کردیا۔ اس کی بربادی کے ذمہ دار دشمن اور غدار ہیں۔نقصان کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہیں کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔