فریال ،صدر،زرداری وزیر اعظم اور بلاول وزیر اعلی سندھ
کراچی ... وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے دعوی کیا ہے کہ پیپلزپارٹی اقتدارمیں آئی توآصف زرداری وزیراعظم ،فریال تالپورصدراوربلاول بھٹو سندھ کے وزیراعلی ہونگے ۔ یہ لوگ اقتدارمیں آگئے تو پھرملک میں ہرطرف لوٹ مارہوگی لیکن ہم دیواربن کرکھڑے رہیں گے۔سندھ کے لوگوں نے موجودہ حکمرانوں کوآزماکردیکھ لیاہمیں بھی آزما کردیکھ لیں ۔ کراچی میں ورکرز کنونشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ا نہوں نے کہا نوازشریف کل بھی ہمارے قائد تھے آج بھی ہیں اورکل بھی رہیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ یہاں کے حکمرانوں نے اربوں روپے اپنی جیبوں میں ڈال لئے ۔شہرکچرے کا ڈھیربن گیا۔ ہرجگہ گندگی اورغلاضت کے ڈھیر موجود ہیں۔ اس سب کے باوجود نوازشریف نے کراچی کوگرین لائن کا تحفہ دیا۔ صوبائی حکومت ابھی تک گرین لائن بسیں نہیں منگواسکی۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کوگرین لائن کی نہیں بلکہ کئی میٹرو جیسے منصوبوں کی بھی ضرورت ہے ۔ کراچی پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ اگر اندرون سندھ باالخصوص لاڑکانہ جائیں تو جس شہر کے نام پر اربوں روپے لئے گئے وہاں کسی بھی جگہ پرترقی نظرنہیں آتی۔ یہاں کے حکمران بھٹو کا نام تو لیتے ہیں لیکن لاڑکانہ کا حشرنکال دیا۔ پھرکہتے ہیں کہ مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں ۔ میرا ان کے لئے جواب ہے کہ مرسوں مرسوں کوئی کام نہ کرسوں ۔ شہبازشریف نے کہاکہ آئندہ سندھ کے دورے پرایک دن کے لئے نہیں بلکہ کئی دن کے دورے پرآوں کا ۔اندرون سندھ دیہات میں بھی جاں گا ۔سندھ کے عوام صرف مسلم لیگ ن کی جانب دیکھ رہے ہیں ۔