جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کی تحقیقات
لاہور...سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کے و اقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی۔ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر کا دورہ کیا اور فائرنگ کے وا قعہ کا جائزہ لیا۔چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب پولیس کیپٹن (ر) عارف نواز کو بھی طلب کیا۔ذرا ئع کے مطابق نامعلوم افراد گزشتہ شب اور اتوار کی صبح 2 مرتبہ فائرنگ کی۔فارنسک ٹیموں نے جسٹس اعجازلاحسن کے گھر سے شواہد اکھٹے کئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق رات کو ایک گولی مرکزی دروازے اور صبح دوسری گولی کچن کی کھڑکی پر لگی ہے۔فائرنگ نائن ایم ایم پستول سے کی گئی ۔ پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کاجائزہ لے رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فائرنگ کے وا قعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا ہے کہ ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائش کی سیکیورٹی پولیس اور رینجرز نے سنبھال لی۔ واضح رہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن شریف فیملی کے خلاف احتساب عدالت میں دائر ریفرنسز کی کارروائی کے نگراں جج ہیں۔